ہمارے بارے میں | ہم سے رابطہ کیجیے

وائس آف امریکہ

غیر جانب دار خبریں | دلچسپ معلومات

blank

  • ہفتہ, 07 نومبر 2009
  • آج وی او اے پر

دنیا RSS Feeds آر ایس ایس فیڈ

صدر اوباما نے گھانا کا دورہ مکمل کرلیا

’افریقہ میں پائے جانے والے تنازعات اس براعظم کے گلے میں پڑا ہوا چکی کا پاٹ ہیں‘

شیئر کیجیئے

اسی بارے میں

غلاموں والے قلعے کی سیر نے مجھے یہ یاد دہانی کرائی ہے کہ انسانوں میں بدی کی کتنی گنجائش موجود ہے

امریکہ کے صدر براک اوباما نے مغربی افریقہ کے ملک گھانا کا دورہ غلاموں کی تجارت کے اُس سابق مرکز کی سیر کے  ساتھ مکمل کرلیا، جہاں سے کسی زمانے میں ہزاروں افریقیوں کو بحری جہازوں میں بھر کر امریکہ بھیجا جاتا تھا۔

صدر اور اُن کے خاندان نے ہفتے کے دن کیپ کوسٹ کیسل کی سیر کی۔ یہ ساحلِ سمندر پر وہ قلعہ ہے، جسے برطانیہ نے 17ویں صدی میں غلاموں کی تجارت کے لیے مخصوص کردیا تھا۔

مسٹر اوباما نے قلعے کی سیر کے بعد نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے نے انہیں جرمنی میں دوسری عالمی جنگ کے زمانے کے نازیوں کے نظر بندی کیمپ کے دورے کی یاد دلا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان دونوں تجربوں نے انہیں یاد دہانی کرائى ہے کہ انسان میں بدی کی کس قدر گنجائش ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دیکھنے کے لیے کہ تاریخ کس طرح کسی ظالمانہ موڑ پر پہنچ سکتی ہے، اُن کی بیٹیوں کے لیے غلاموں کی تجارت کے اس سابق مرکز کا دورہ خاص طور پر اہم ہے۔

 ہفتے کے روز اس سے پہلے صدر اوباما نے عکرہ میں گھانا کے ارکان پارلیمنٹ اور معزز شخصیتوں سے خطاب کرتے ہوئے افریقہ کے بارے میں اپنی انتظامیہ کی پالیسی کا خاکہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ گھانا اور امریکہ کے درمیان شراکت داری کی بنیاد مشترکہ ذمّے دار ی ہے۔

مسٹر اوباما نے یہ بھی کہا کہ اُن کی انتظامیہ نے افریقہ میں ملیریا، پولیو، تپِ دق اور ایڈز کے انسداد کے لیے چھ کروڑ 30 لاکھ ڈالر فراہم کیے ہیں۔

امریکی صدر نے برّ اعظم افریقہ میں تنازعات کا سخت لہجے میں ذکر کرتے ہوئے اِن تنازعات کو افریقہ کی گردن میں پڑا  کسی چکّی کا بھاری پاٹ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ 21 ویں صدی میں کسی شخص کی محض اس لیے مخالفت کرنے کا کوئى جواز نہیں کہ وہ کسی دوسرے قبیلے سے تعلق رکھتا ہے یا کسی مختلف پیغمبر کو مانتا ہے۔

انہوں نے حاضرین سے یہ بھی کہا کہ افریقہ کے مستقبل کا انحصار افریقہ کے لوگوں پر ہے۔

مسٹر اوباما نے اُس موضوع کی طرف لوٹتے ہوئے، جس کا وہ اس دورے میں پہلے بھی ذکر کرچکے ہیں، حاضرین کو یاد دلایا کہ افریقہ  کوئى الگ دنیا نہیں بلکہ ایک ہی باہم مربوط دنیا کا ایک بنیادی حصّہ ہے۔

مسٹر اوباما کا گھانا کا یہ تاریخی دورہ، امریکہ کا پہلا افریقی امریکی صدر بن جانے کے بعد اُن کا افریقہ کے زیرِ صحارا خطّے کا پہلا دورہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے دورے کے لیے گھانا کو اُس کی فعال جمہوریت اور اُس کے صدر جان اٹا کی وجہ سے چُنا۔ جن کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ ” بدعنوانیوں کو ختم کرنے بارے میں سنجیدہ ہیں۔“

گھانا کے حکام کا کہنا ہے کہ مسٹر اوباما کے اس دورے کے موقعے پر دس ہزار پولیس افسر حفاظتی انتظامات پر مامور رہے۔

گھانا کا دورہ مسٹر اوباما کے تقریباً ایک ہفتے کے بیرونِ ملک دورے کی آخری منزل ہے۔