امریکی صدر اوباما زیرِ صحارا افریقہ کے کسی ملک کےپہلے دورے پر گھانا پہنچ گئے ہیں۔
جمعے کی رات مغربی افریقہ کے اس ملک میں امریکی صدر کا استقبال گھانا کے صدر جان ایٹا ملز نے سینکڑوں عمائد کے ساتھ کیا۔ اس موقعے پر ایر پورٹ پر ڈھول تاشے بجائے گئے اور رقاصوں نے مقامی رقص پیش کیے۔
صدر اوباما نے کہا کہ انھوں نے گھانا میں، ان کے بقول جمہوریت کا نظام بہت مضبوط ہونے کی وجہ سے اس کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
گھانا کے دارالحکومت عکرہ کو امریکی اور گھانوی جھنڈوں سے سجایا گیا تھا اور بہت سے مقامی باشندوں نے جمعے کے روز سڑکوں پر نکل کر خوشی کا اظہار کیا۔
صدر اوباما ہفتے کے دن عکرہ میں تقریر کریں گے۔ توقع ہے کہ وہ اس تقریر میں اوباما انتظامیہ کی افریقہ کے بارے میں پالیسیوں کا خاکہ بیان کریں گے۔
ہفتے ہی کے روز وہ صدر ملز اور سابق گھانوی رہنما جان کوفور اور جیری رالنگز سے ملاقاتیں کریں گے۔