سعودی عرب کے وزیرِ حج فواد الفارسی نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ وہ آئندہ ماہ ہونے والے حج میں سیاست شامل کرنے کی کوشش نہ کرے۔
سعودی اخبار الوطن نے الفارسی کا بیان شائع کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حج کو سیاسی مقاصد کے استعمال نہیں کیا جانا چاہیئے۔
اس سے چند روز قبل ایرانی صدر محمود احمد نژاد نے کہا تھا کہ اگر ایرانی شیعہ حاجیوں کو اگلے ماہ ہونے والے حج کے موقعے پر تنگ کیا گیا تو ایرانی حکومت اس سلسلے میں ’مناسب اقدامات‘ کرے گی۔
ایران کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای نے پیر کے روز شیعہ حاجیوں کے خلاف کی جانے والی مبینہ زیادتیوں پر تنقید کی۔ انھوں نے سعودی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ انھیں روکے۔
ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کشیدہ چلے آ رہے ہیں۔ سعودی عرب نے علاقے میں ایران کے مبینہ بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ اور ایران کی طرف سے حزب اللہ اور حماس جیسی عسکریت پسند تنظیموں کی حمایت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔