برطانوی وزیراعظم گورڈن براؤن کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت افغانستان میں جاری مشن کے بارے میں پرعزم ہے تاہم ان کے مطابق نومنتخب افغان صدر پر یہ واضح کر دیاگیا ہے کہ برطانوی حمایت کا انحصار بدعنوانی کے خلاف ان کے اقدامات پر ہے۔
جمعے کو لندن میں ایک خطاب کے دوران گورڈن براؤن کاکہنا تھا کہ ان کے ملک کو افغانستان اور پاکستان کے علاقوں سے دہشت گردی کے خطرات لاحق ہیں اور برطانیہ اس لڑائی سے دست بردار نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ افغانستان میں طالبان شدت پسندوں کی کارروائیوں کے نتیجے میں وہاں تعینات برطانوی فوجیوں کی ہلاکتوں میں اضافے سے برطانوی عوام میں اس جنگ کی حمایت میں کمی آرہی ہے۔ ایک تازہ واقعے میں رواں ہفتے جنوبی افغانستان میں ایک افغان پولیس اہلکارکی فائرنگ سے پانچ برطانوی فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔
افغانستان میں اس وقت نو ہزار برطانوی فوجی تعینات ہیں اور 2001ء سے لے کر اب تک اس کے 230فوجی مارے جاچکے ہیں۔