آرگنائزیشن آف امریکن اسٹیٹس(اواےایس) نے ہوڈدوراس کو دھمکی دی ہے کہ اگر اس نے معزول صدر مینوئل زیلایا کو بحال نہ کیا تو اس علاقائی تنظیم سے اس کی رکنیت معطل کردی جائے گی۔
او اے ایس تنظیم کے سیکرٹری جنرل ہوزے میگوئل انسولز نے بدھ کے روز نامہ نگاروں کو بتایا کہ فوجی انقلاب کے راہنماؤں کے پاس مسٹر زیلایا کو بحال کرنے لیے تین دن ہیں۔ انسولزا نے یہ الٹی میٹم واشنگٹن میں او اےایس کے ہیڈ کواٹرز میں تنظیم کے ارکان کے درمیان گھنٹوں کے مذاکرات کے بعد جاری کیا۔
اتوار کے روز فوجیوں نے مسٹر زیلایا کو اس دن زبردستی ملک سے نکالا جب وہ ملک کےآئین میں اصلاحات کے لیے ریفرنڈم کرانے کا منصوبہ رکھتے تھے۔ ناقدین کا کہناہےکہ مسٹر زیلایا آئین میں اس لیے ترمیم کرنا چاہتے تھے تاکہ وہ دوسری مدت کے لیے عہدے کا انتخاب لڑ سکیں۔ جس کی وہ تردید کرتے ہیں۔
مسٹر زیلایا مسٹرانسولزا کے ساتھ ساتھ ارجنٹائن اور ایکواڈور کے صدور اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سربراہ میگوئل ڈی ایس کوٹو براک من کے ساتھ چند دنوں کے اندر ہونڈوراس واپس جانے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔
عبوری حکومت کے حکام مسٹر زیلایا کو گرفتار کرنے کا عزم ظاہر کرچکے ہیں۔
دوسرے ملکوں اور اقوام متحدہ کی طرح امریکہ نے بھی اس انقلاب کی مذمت کی ہے اور صدر کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔ اس معزولی سے دارلحکومت ٹیگو سگالپا میں مسٹر زیلایا کی حکومت کے حق اور مخالفت دونوں میں مظاہرہے ہورہے ہیں۔
بدھ کے روز سپین نے احتجاجاً وسطی امریکہ کے اس ملک سے اپنے سفیر کو واپس بلانے کا اعلان کیا تھا۔
پارلیمنٹ کی جانب سے مقرر کیے گئے عبوری صدر رابرٹو مشلیٹی نے کہا ہے کہ مسٹر زیلایا صرف طاقت کے ذریعے ہی اقتدار میں واپس آسکتے ہیں۔