پاکستانی مصنوعات کی چار روزہ نمائش جمعرات سے ٹورونٹو کے کانگریس سینٹر میں شروع ہوئی۔ اِس موقعے پر ایک اعلیٰ پاکستانی عہدے دار کا کہنا ہے کہ اُن کا ملک کینیڈا کے ساتھ فری ٹریڈ معاہدہ کرنا چاہتا ہے۔
نمائش میں 62پاکستانی کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں، جِسے ‘کینیڈا پاکستان ٹریڈ ایکسپو’ کا نام دیا گیا ہے۔
نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے، پاکستان کے تجارت و ترقی کے ادارے کے سربراہ سید محب اللہ شاہ نے کہا کہ اُن کا ملک کینیڈا کے ساتھ فری ٹریڈ ایگری منٹ کرنے کا خواہشمند ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو مزید فروغ دیا جاسکے۔
اُنھوں نے بتایا کہ گذشتہ ماہ کینیڈا نے اردن کے ساتھ فری ٹریڈ ایگریمنٹ کیا تھا اور یہ کہ پاکستان بھی اِسی طرز کا معاہدہ کرنا چاہتا ہے جس سے نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان دوستی بڑھے گی بلکہ بڑے پیمانے پر تجارت کو فروغ ملے گا۔
سید محب اللہ شاہ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے جس سے اُس کی معیشت کو بھاری نقصان ہوا ہے۔ لہٰذا مغربی ممالک کو چاہیئے کہ وہ پاکستان کی مدد کریں۔
اُنھوں نے بتایا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے کی وجہ سےپاکستان کو ہر سال چھ ارب ڈالرز کا مالی نقصان ہوتا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان، کینیڈا، امریکہ اور دوسرے دوست ممالک سے یہ توقع رکھتا ہے کہ وہ پاکستان کی مدد کریں تاکہ اُس کی معیشت بہتر ہو سکے۔