ہنڈوراس کے عبوری حکمران رابرٹو میچلٹی نے کہا ہے کہ وہ برطرف صدر مینوئیل زلایا کی بحالی اور ملک میں جاری سیاسی بحران خاتمے کے معاہدے پر دست خط کے لیے تیار ہیں۔
جمعرات کو دیر گئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے چارماہ سے جاری سیاسی تعطل کے خاتمے کے آغاز کے لیے اپنی ٹیم کو معاہدے پر دست خط کا اختیار دے دیا ہے۔اس معاہدے کے لیے کانگریس کی منظوری ضروری ہوگی۔
مسٹر زلایا نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ اس معاہدے کے مطابق وہ اقتدار میں واپس آجائیں گے۔
امریکی وزیرِ خارجہ ہلری کلنٹن نے اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے اس معاہدے کو تاریخ ساز قرار دیا۔
بظاہر یہ پیش رفت ہنڈوراس میں موجود سینیئر امریکی عہدے داروں کے دباؤ کے نتیجے میں ہوئی ہے۔ اس سے قبل جمعرات کے روز مغربی نصف کرے کے لیے امریکی نائب وزیر خارجہ ٹامس شینن نے کہا تھا کہ نومبر کے صدارتی انتخابات میں بین الاقوامی حمایت یقینی بنانے کےلیے حریف فریق معاہدے پر پہنچ گئے ہیں۔
مسٹر زلایا کو مخالفین نے یہ الزام لگاتے ہوئے 28 جون کو بغاوت کے ذریعے اقتدار سے الگ کردیا تھا کہ وہ اپنے عہدے کی مدت بڑھانے کے لیے آئین میں غیر قانونی تبدیلی کی کوشش کررہے ہیں۔