امریکہ میں تین ماہ میں دوسری بار ستمبر کے مہینے میں مکانوں کی تعمیر ات میں اضافہ ہوا لیکن نئے تعمیر شدہ مکانوں کی فروخت میں کمی دیکھنے میں آئی۔
بدھ کے روز جاری ہونے والی ایک سرکاری رپورٹ سے ظاہر ہوا ہے کہ تعمیرات سے متعلق سامان کے لیے فیکٹریوں کو نئے آرڈرز ملے اور اس ماہ یہ اضافہ ایک فی صد کی شرح سے ہوا۔
تعمیری سازوسان کی پیداوار میں اس اضافے کے پیش نظر بھی کئی اقتصادی ماہرین اس توقع کا اظہار کررہے ہیں کہ جمعرات کے روز کامرس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ سے یہ ظاہر ہوگا کہ امریکی معیشت کئی سہ ماہیوں میں انحطاط کے بعد اب بحال ہورہی ہے۔
کامرس ڈپیارٹمنٹ کی ایک اور رپورٹ میں ستمبر کے مہینے میں نئے تعمیر ہونے والے مکانوں کی فروخت میں 3.6 فی صد کمی ظاہر ہوئی ہے۔ اگر فروخت کی یہ شرح سال بھر برقرا ر رہی تو صرف چار لاکھ کے لگ بھگ مکان فروخت ہوں گے۔اس کمی کو پہلی بار مکان خریدنے والوں کے لیے حکومت کی جانب سے ٹیکس کی چھوٹ کے خاتمے سے منسلک کیا جاسکتا ہے۔
خبررساں ادارے روئیٹرز کے مطابق اس حوالے سے ٹیکس کریڈٹ میں توسیع کے لیے سینٹ میں دونوں بڑی سیاسی جماعتوں کی کچھ سیاسی حمایت موجود ہے۔