عبدالرزاق نیوزی لینڈ کے کھلاڑی برینڈن میک کلم کو گیند کرا رہے ہیں
ابوظہبی میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 64رن سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز ایک ایک میچ سے برابر کرلی۔
جمعے کو نیوزی لینڈ کے کپتان ڈینیل وِٹوری نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ نیوزی لینڈ کے بلے باوں نے جارحانہ انداز سے کھیلتے ہوئے پاکستان کے تمام باؤلروں کی پٹائی کی اور مقررہ 50اووروں میں آٹھ وکٹ پر 303رن کا ڈھیر لگا دیا۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے اوپنر میک کمن نے جاندار اننگ کھیلتے ہوئے 135رن کی شاندار اننگز کھیلی جِس میں تین چھکے اور 14چوکے شامل تھے۔ گُپٹل نے 62، جیکب اورم نے 33، اور کپتان وِٹوری نے 30رن بنائے۔
پاکستان کی طرف سے شاہد آفریدی نے 49، عمر گل نے 59، اور عبد الرزاق نے 60رن دے کر دو دو وکٹ لیے، جب کہ ٕمحمد عامر نے ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں پاکستان کے اوپنروں نے ٹیم کو اگرچہ 77رن کا اچھا آغاز فراہم کیا لیکن اُس کے بعد پاکستان کی ٹیم 303رن کے نفسیاتی دباؤ تلے دبتی چلی گئی۔
نیوزی لینڈ کے باؤلروں کی نپی تلی باؤلنگ اور فیلڈروں کی عمدہ فیلڈنگ کی وجہ سے پاکستان کی ٹیم 48اوور میں 239رن پر آؤٹ ہوگئی۔ اِس طرح نیوزی لینڈ نے پاکستان کو اِس میچ میں 64رن سے ہرا کر سیریز برابر کر دی۔
پاکستان کی طرف سے اوپنر سلمان بٹ 59، خالد لطیف نے 45، شعیب ملک 26اور عبدالرزاق 35رن کے ساتھ نمایاں رہے۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے سکاٹ سا ئرس نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 23رن دے کر تین، وِٹوری نے 37 اور کائل ملز نے 57رن دے کر دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ نیوزی لینڈ کے میک کلم کو ‘مین آف دِی میچ ’ قرار دیا گیا۔