پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیرمین اعجاز بٹ کی صدارت میں جمعے کو قذافی سٹیدیم لاہور میں اہم اجلاس ہوا جِس میں حالیہ چمپینزٹرافی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کو انتہائی اطمینان بخش قرار دیا گیا۔
اجلاس میں چیف آپریٹنگ افسر وسیم باری، منیجر یاور سعید، ٹیم کے چیف کوچ انتخاب عالم، چیف سلیکٹر اقبال قاسم اور نائب کپتان شاہد آفریدی نے شرکت کی۔
اجلاس میں حال ہی میں جنوبی افریقہ میں منعقدہ آئی سی سی چمپینز ٹرافی میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی پر تفصیلی بحث کی گئی جِس کی کارکردگی کو اجلاس نے متفقہ طور پراطمینان بخش قرار دیا۔
اجلاس میں اگلے ماہ نیوزی لینڈ کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ہونے والی ون ڈے سیریز، نیوزی لینڈ میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز، 2010ء کے ٹونٹی20عالمی کپ اور 2011ء کے عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے بارے میں بھی تفصیلی بحث و مباحثہ کیا گیا۔
پی سی بی کے اجلاس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان یونس خان شریک نہیں ہوئے، کیونکہ اُنھوں نے اِس بار ےمیں جمعرات کو بورڈ کے چیرمین اعجاز بٹ سے تفصیلی ملاقات کر لی تھی۔ اعجاز بٹ نے کہا کہ ایسے جائزہ اجلاس آئندہ بھی ہوتے رہیں گے۔
جمعرات کو یونس خان سے ہونے والی تفصیلی ملاقات کے بارے میں اعجاز بٹ نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ فی الوقت کچھ بتانے سے قاصر ہیں۔