اگر یونس خان ٹونٹی20کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے کر واپس آنا چاہتے ہیں تو ان کے لیے کپتانی چھوڑنے کو تیار ہوں: شاہد آفریدی
پاکستان کرکٹ ٹیم جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب لاہور سے دبئی روانہ ہوگئی جہاں وہ نیوزی لینڈ کے خلاف تین ون ڈے اور دو ٹونٹی20میچوں کی سیریز کھیلے گی۔
سیریز کے تین ون ڈے میچ ابوظہبی میں جب کہ دو ٹونٹی20میچ دبئی میں کھیلے جائیں گے۔
اِس سلسلے میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف کوچ انتخاب عالم، دیگر ٹیم حکام اور پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں کے درمیان بدھ کو لاہور میں ایک تفصیلی ملاقات بھی ہوئی جِس میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے لائحہٴ عمل طے کیا گیا۔
ون ڈے سیریز میں یونس خان پاکستان ٹیم کی قیادت کریں گے جب کہ ٹونٹی 20 میچوں میں شاہد آفریدی پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان ہوں گے۔
اِس دوران شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ اگر یونس خان ٹونٹی20کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے کر واپس پاکستان ٹیم میں آنا چاہتے ہیں تو وہ یونس خان کے لیے کپتانی چھوڑنے کو تیار ہیں۔