پاکستان کرکٹ بورڈ نے جمعرات کے روز آئندہ ماہ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلی جانے والی سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا اعلان کردیا۔ 27سالہ بلے باز عمران فرحت کو تقریباً دو سال کے بعد قومی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ متنازعہ انڈین کرکٹ لیگ میں شمولیت کے باعث کرکٹ بورڈ نے ان پر پابندی عائد کردی تھی تاہم آئی سی ایل سے معاہدہ ختم کیے جانے کے بعد دورہ نیوزی لینڈ کے لیے انھیں ٹیم میں شامل کرلیا گیاہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین نومبر سے تین ایک روزہ بین الاقوامی میچ اور دو ٹونٹی ٹونٹی میچ متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے جب کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز نیوزی لینڈ میں کھیلی جائے گی۔
ایک روزہ اور ٹیسٹ میچوں میں یونس خان ٹیم کی قیادت کریں گے جب کہ ٹونٹی ٹونٹی میچوں کے لیے شاہد آفریدی کو کپتان نامزد کیا گیا ہے۔ فاسٹ باؤلر محمد آصف پر متحدہ عرب امارات میں داخلے پر پابندی کے باعث وہ نیوزی لینڈ میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
ٹیم کے دیگرکھلاڑیوں میں سلمان بٹ،عمران نذیر،خرم منظور،خالد لطیف،محمد یوسف،شعیب ملک، عمر اکمل،کامران اکمل، عبدالرزاق،رانا نوید،فیصل اقبال،سعید اجمل،عمر گل، محمد عامر،راؤ افتخار،یاسر عرفات، فواد عالم،سہیل تنویر،دانش کنیریا، عبدالرؤف،وہاب ریاض اور سرفراز احمدشامل ہیں۔