پاکستان کے مایہٴ ناز لیگ سپنر اور پاکستانی ٹیم کے سابق چیف سیلیکٹر عبدالقادر نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو سری لنکا کے خلاف کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں سٹار باؤلر مرلی دھرن کی غیر موجودگی کا فائدہ اٹھانا چاہیئے۔
پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان پہلا کرکٹ ٹیسٹ میچ گال میں شروع ہو رہا ہے۔ مرلی دھرن گھٹنے میں تکلیف کی وجہ سے اس میچ میں حصہ نہیں لے پائیں گے۔ مرلی دھرن کا شمار دنیا کے خطرناک ترین باؤلروں میں کیا جاتا ہے۔ وہ اب تک 127 ٹیسٹ میچوں میں 770 وکٹیں اور 305 ایک روزہ میچوں میں 505 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔
ادھر ایک اور سابق سیلیکٹر سلیم جعفر نے وائس آف امریکہ سے خصوصی بات چیت میں بتایا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز آسان نہیں ہو گی۔ انھوں نے خبردار کیا کہ سری لنکا کی ٹیم بہت سخت ٹیم ہے اور تمام پاکستان کھلاڑیوں کو بہت محنت کرنا ہو گی۔
اس کے علاوہ انھوں نے نشان دہی کی کہ سری لنکا میں اس موسم میں شدید گرمی پڑتی ہے، اس لیے فاسٹ باؤلروں کو اپنی فٹنس کا خاص طور پر دھیان رکھنا پڑے گا۔
انھوں نے کہا کہ محمد یوسف اور عبدالرزاق جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کی شمولیت سے ٹیم خاصی متوازن ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ چوں کہ پاکستانی ٹیم اس وقت ورلڈ چیمپئن ہے اس لیے اس کے حوصلے بھی بلند ہیں۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان کا پلس پوائنٹ یہ ہے کہ ٹیم کا مڈل آرڈر بہت مضبوط ہے اور اسی پر پاکستان کا انحصار ہو گا۔