فرانس کے شہر لِلی میں جاری عالمی کپ کوالی فائنگ ٹورنامنٹ کے آخری لیگ میچ میں پولینڈ نے پاکستان کی ہاکی ٹیم کو تین دو سے ہرا کر اپ سیٹ کیا۔
چار بار سابق عالمی چمپین پاکستان کی ہاکی ٹیم پہلے ہی اِس ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ چکی ہے جو اتوار کو کھیلا جائے گا۔
فائنل جیتنے والی ہاکی ٹیم سنہ 2010ء میں بھارت میں ہونے والے عالمی کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے آخری مرحلے تک رسائی حاصل کر سکے گی۔
اگرچہ پاکستان کو اِس ٹورنامنٹ میں جیت کے لیے فیورٹ قرار دیا جارہاہے، لیکن پولینڈ کے خلاف ہفتے کو ہونے والی شکست سے پاکستان کی کامیابی پر ایک بڑا سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔
ہفتے کو کھیلے جانے والے دو لیگ میچوں کے بعد یہ فیصلہ ہو سکے گا کہ فائنل میں پاکستان کی ہاکی ٹیم کس کے مقابل ہوگی۔