ہمارے بارے میں | ہم سے رابطہ کیجیے

وائس آف امریکہ

غیر جانب دار خبریں | دلچسپ معلومات

blank

  • جمعرات, 26 نومبر 2009
  • آج وی او اے پر

کھیل RSS Feeds آر ایس ایس فیڈ

پاکستان نے 2010ء ہاکی عالمی کپ کے لیے کوالی فائی کرلیا: فائنل میں جاپان کو تین - ایک سے شکست

شیئر کیجیئے


فرانس کے شہر لِلی میں کھیلے گئے عالمی کپ کوالی فائنگ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں اتوار کی شام پاکستان نے جاپان کو ہرا کر سنہ 2010ء کے عالمی کپ کے حتمی راؤنڈ کے لیے کوالی فائی کر لیا۔

سخت سردی میں کھیلے گئے فائنل میں جاپان نے پاکستان کے خلاف مزاحمت کی کوشش کی جو کارگر ثابت نہ ہو سکی۔

کھیل کے پہلے ہاف کے اختتام پر پاکستان کو دو-ایک سے سبقت حاصل تھی اور میچ ختم ہونے پر پاکستان نے جاپان کو تین-ایک سے شکست دی۔

پاکستان  کی طرف سے پینلٹی کارنر کے ماہر سہیل عباس نے دو جب کہ عبد الحسیب خان نے ایک گول سکور کیا۔  اِس جیت کے ساتھ پاکستان ہاکی ٹیم اور شائقین نے سکھ کا سانس لیا ہے کہ پاکستان کی ہاکی ٹیم سنہ 2010ء کے عالمی کپ کے آخری مرحلے میں پہنچ گئی جو اگلے سال فروری یا مارچ میں بھارت کے شہر نئی دہلی میں ہوگا۔

پاکستان ہاکی ٹیم کی کامیابی پر سٹیڈیم میں موجود شائقین نے تالیاں بجا کر اور بھنگڑے ڈال کر پاکستان کی فتح کا جشن منایا۔

پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اصلاح الدین نے پاکستان ٹیم کی جیت پر وائس آف امریکہ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت اِس بات کی ہے کہ ہم اپنے  کھیل کی صلاحیتوں کو مزید نکھاریں۔

اُنھوں نے کہا کہ  اتوار کو جاپان کے خلاف  کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی ٹیم کو اِس کے علاوہ بھی کئی اور مواقع ملے ۔ ‘پول میں پاکستان کی ٹیم ایک کے مقابلے میں چھ گولوں سے جیتی تھی، جب کہ آج پاکستان ایک کے مقابلے میں تین گول سے جیتا۔’

اصلاح الدین نے کہا کہ پاکستان کے مقابلے میں جاپان کی ٹیم کم تجربہ کار تھی، جب کہ پاکستان کی ٹیم  ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ تجربہ کار ٹیم ہے جِس میں ہمارے کھلاڑی تقریباً  300سے زیادہ میچ کھیل چکے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان کی ٹیم کو ٹورنامنٹ جیتنے میں کوئی خاص دشواری پیش نہیں آئی۔

پاکستان کے سہیل عباس،  ٹورنامنٹ کے ٹاپ سکورر رہے،  جنھوں نے نو گول سکور کیے۔  اِس طرح،  اُنھوں نے انٹرنیشنل  ہاکی میں 294گول کرلیے ہیں،  جو ایک عالمی ریکارڈ ہے۔