ہمارے بارے میں | ہم سے رابطہ کیجیے

وائس آف امریکہ

غیر جانب دار خبریں | دلچسپ معلومات

blank

  • منگل, 24 نومبر 2009
  • آج وی او اے پر

جنوبی ایشیا RSS Feeds آر ایس ایس فیڈ

دہشت گردی کو اقوامِ متحدہ مشن کی راہ میں حائل نہیں ہونے دیا جائے گا: بان گی مون

شیئر کیجیئے

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان گی مون کا کہنا ہے کہ بدھ کو کابل میں اقوامِ متحدہ کے گیسٹ ہاؤس پر ہونے والا خودکش حملہ افغانستان  میں اقوامِ متحدہ کے مشن کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنے گا۔ اس حملے میں ادارے کے چھ اہل کاروں سمیت نو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔  مسٹر بان نے کہا کہ اقوامِ متحدہ اگلے ماہ ہونے والے صدارتی انتخاب کے دوسرے مرحلے کے انتظامات میں افغانستان کی مدد جاری رکھے گی۔

بان گی مون نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ اقوامِ متحدہ کے لیے یہ بہت ہی سوگوار اور صبر آزما دِن ہے۔ انھوں نے کہا کہ دنیا ایسے افراد سے محروم ہوگئی ہے جو امن، وقار اورتعظیم کی اعلیٰ اقدار کی سربلندی کے لیے صف آرا تھے۔ میں اِس اندوہ ناک اور شرم ناک کارروائی پر اِس جرم میں ملوث دہشت گردوں کی مذمت کرتا ہوں۔’

اُنھوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کے کارکنوں نے یہ قربانی اِس لیے پیش کی تاکہ افغان ایک درخشاں مستقبل حاصل کر سکیں۔اُنھوں نے کہا کہ جانیں نثار کرنے والے یہ لوگ بندوق یا گولی سے مسلح ہوکر افغانستان نہیں آئے تھے۔  وہ امید کی کرن لے کر آئے تھے،  جودراصل زیادہ طاقت ور ہتھیار ہے۔ وہ افغانستان کے لیے بہتر دِنوں کی نوید کا مظہر تھے، اور اِس عزم کے ساتھ آئے تھے کہ  ایک بہتر دنیا اورایک بہتر مستقبل کی تعمیرکے کام میں یہاں کے لوگوں کی مدد کر سکیں۔ ہم اِس مثالی نصب العین سے نہیں ہٹیں گے۔  ہم آج بھی افغانستان کے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کل بھی إن کے شانہ بہ شانہ رہیں گے۔

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ اقوامِ متحدہ افغان حکومت سے کہے گی کہ سیکیورٹی کے انتظامات کو مضبوط بنایا جائے۔ اُنھوں نے کہا کہ عالمی ادارہ اپنے سیکیورٹی کے رائج طریقِ عمل پر بھی نظرِ ثانی کرے گا، اور اپنے اہل کاروں کی حفاظت کے لیے تمام تر ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

اقوامِ متحدہ  جنوبی ایشیا کے دہشت گردوں کے بڑھتے ہوئے حملوں کی زد میں آچکا ہے۔اِس سے پیشتر اِسی ماہ ہمسایہ ملک پاکستان میں عالمی ادارہٴ خوراک کے پانچ افراد کوایک خودکش حملہ آور نے نشانہ بنایا تھا۔ گذشتہ ہفتے سوڈان میں تعینات اقوامِ متحدہ کے امن مشن کے ایک پاکستانی بریگیڈیر کو اسلام آباد میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا جب وہ پاکستان میں تعطیلات گزارنے آئے ہوئے تھے۔

سیکریٹری جنرل نے کہا کہ کابل کے حملے کی بنا پر اقوام متحدہ سات نومبر کے صدارتی انتخاب کے دوسرے مرحلے کے انتظامات میں مدد دینے کے کام سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ صدارتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ موجودہ صدر حامد کرزئی اور ان کے حریف عبد اللہ عبد اللہ کے درمیان ہورہا ہے۔
 

رائے اور تبصرہ (0)

اپنی رائے ارسال کیجئے

* لازمی



آپ اس بات کی تصدیق کر رہے ہیں کہ آپ کے تبصرے کا جائزہ لیا جائے گا۔ اور ممکن ہے اسے شائع نہ کیا جائے۔ وی او اے آپ کے تبصرے کو دنیا بھر میں نشر کرنے کا حق رکھتا ہے۔ استعمال اور پرائیویسی نوٹس