جے پور کے نزدیک سیتاپور صنعتی علاقے میں بھارتی آئل کارپوریشن کے تیل ڈپو میں جمعرات کی شام بھیانک آگ بھڑک اُٹھی جسے جمعے کے دِن خبریں موصول ہونے تک بجھایا نہیں جا سکا۔
یہ آگ شام ساڑھے سات بجے لگی تھی جِس میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور 150زخمی ہوگئے ہیں۔ سرکاری اہل کاروں کے مطابق اندیشہ ہے کہ آگ میں مزید لوگ پھنسے ہو سکتے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ فوج کے 300جوان بچاؤ کے کام میں لگے ہوئے ہیں، جب کہ مَتھرا سے ماہرین کو طلب کیا گیا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ پیٹرول کی پائپ لائن میں کٹاؤ کے سبب آگ لگی جو فوراً پورے ڈپو میں پھیل گئی۔ وہاں پرکُل 80لاکھ لیٹر تیل موجود ہے۔
مرکزی پیٹرولیم وزیر مرلی دیورا نے جائے واقع کا دورہ کرنے کے بعد کہا کہ جب تک تمام تیل جل نہیں جاتا آگ کو بجھایا نہیں جاسکتا۔ اُنھوں نے کہا کہ صورتِ حال یہ ہے کہ کوئی بھی ماہر یہاں کچھ نہیں کرسکتا۔ انتظامیہ نے پانچ کلومیٹر کے علاقے کو خطرناک قرار دے دیا ہے اور وہاں سے پانچ لاکھ افراد کو دوسرے مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔
بھارتی آئل کارپوریشن نے کہا ہے کہ تیل کے ڈپو اور کنوؤں کو ملانے والی زیرِ زمین پائپ لائن بند کردی گئی ہے اور قریب ہی واقع انڈین گیس باٹلنگ پلانٹ کو بچانے کے لیے احتیاطی انتظامات کیے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ اِس علاقے میں کئی بجلی کی صنعتیں اور متعدد انجنیئرنگ کالج واقع ہیں۔