خودمختار افغان الیکشن کمیشن نے حامد کرزئی کو نیا منتخب افغان صدر قرار دیتے ہوئے سات نومبر کو ہونے والا دوسرا انتخابی مرحلہ منسوخ کردیا ہے۔
پیر کو کابل میں کمیشن کے عہدیدار داؤد علی نجفی نے صحافیوں کو بتایا کہ ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ دوسرے مرحلے کے لیے حامد کرزئی کے مقابلے میں واحد امیدوار تھے اور اتوار کو ان کی دوسرے مرحلے میں حصہ نہ لینے کے اعلان کےبعد حامد کرزئی نئے صدر قرار پائے ہیں۔
واضح رہے کہ 20اگست کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں اور دھاندلی کے بعد صدر کرزئی کو ملنے والے ووٹوں کی شرح کم ہونے کے بعد سات نومبر کو انتخابات کے دوسرے مرحلے کا انعقاد ہونا قرار پایا تھا۔ تاہم اتوار کو صدر کرزئی کے واحد مدمقابل ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ کی انتخابات سے دستبرداری کے اعلان کے بعد ایک نئی صورتحال پیدا ہوگئی تھی۔
قبل ازیں الیکشن کمیشن کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ ایسی صورتحال کے لیے ملک کے آئین میں کوئی واضح شق موجود نہ ہونے کی وجہ سے وہ آئینی ماہرین سے مشورہ کریں گے۔