ہمارے بارے میں | ہم سے رابطہ کیجیے

وائس آف امریکہ

غیر جانب دار خبریں | دلچسپ معلومات

blank

  • منگل, 24 نومبر 2009
  • آج وی او اے پر

جنوبی ایشیا RSS Feeds آر ایس ایس فیڈ

دہلی کی جامع مسجد کے سابق امام انتقال کر گئے

شیئر کیجیئے

دہلی کی جامع  مسجد کے سابق شاہی امام اور بے باک مسلم قائد، مولانا سید عبد اللہ بخاری کا 78سال کی عمر میں بدھ کے روز نئی دہلی میں انتقال ہو گیا۔

وہ جنوری 1922ء میں راجستھان میں پیدا ہوئے تھے اور اُنھوں نے دہلی میں تعلیم پائی تھی۔ اُنھیں 1946ء میں سترہویں صدی عیسوی کی مسجد شاہجہانی کا نائب  شاہی امام مقرر کیا گیا تھا اور اس طرح وہ 55سال تک جامع مسجد کی امامت کرتے رہے۔

اُنھوں نے سال2000ء میں امامت کا منصب نائب امام اور اپنے بڑے بیٹے سید احمد بخاری کو سونپ دیا تھا۔ وہ کافی دِنوں سے علیل تھے اور ایک ماہ سے اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔

اُن کے انتقال پر سرکردہ مسلم شخصیات کی تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔ مرکزی وزیر غلام نبی آزاد نے اُن کے انتقال کو ملک و قوم کا ایک بڑا نقصان قرار دیا ہے۔

مسلم پرسنل لا بورڈ کے رُکن مولانا عبد الوہاب خلجی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مولانا بخاری نے جس وقار کے ساتھ امامت کا منصب نبھایا تھا اُس کی مثال بہت کم  ملتی ہے۔

مولانا سید عبداللہ بخاری نے 1977ء میں اُس وقت کی اندرا گاندھی کی کانگریس حکومت کے خلاف فتویٰ صادر کیا تھا اور اِس طرح وہ سیاسی طور پر منظرِ عام پرنمودار ہوئے۔اُنھوں نے اپنی سیاسی بصیرت سے جامع مسجد دہلی کو مسلمانوں کی ایک طاقت ور اور باوقار آواز میں بدل دیا تھا۔ اُنھوں نے بابری مسجد تحریک میں بھی نمایاں کردار ادا کیا تھا۔