ہمارے بارے میں | ہم سے رابطہ کیجیے

وائس آف امریکہ

غیر جانب دار خبریں | دلچسپ معلومات

blank

  • منگل, 24 نومبر 2009
  • آج وی او اے پر

جنوبی ایشیا RSS Feeds آر ایس ایس فیڈ

ماؤنوازوں نے کٹھمنڈو کی ناکہ بندی کردی

شیئر کیجیئے


نیپال کے سابق ماؤنواز باغیوں نے منگل کے دِن حکومت مخالف تحریک کو مزید تیز کرتے ہوئے دارالحکومت کٹھمنڈو کی مکمل ناکہ بندی کردی۔

سینکڑوں باغیوں نے شہر میں داخل ہونے والی اور شہر سے باہر جانے والی تمام سڑکوں کا محاصرہ کر لیا اور گاڑیوں کی آمدو رفت پر مکمل پابندی لگادی۔ اِس طرح سے کٹھمنڈو شہر ملک کے بقیہ حصوں سے کٹ کر رہ گیا۔

پہلے باغیوں نے یہ اعلان کیا تھا کہ وہ نہ صرف سڑکوں پر گاڑیوں کی آمد و رفت بلکہ ہوائی جہازوں کی پروازیں بھی ٹھپ کر دیں گے اور اِس کے لیے اُنھوں نے کٹھمنڈو کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو بند کرانے کا منصوبہ بنایا تھا۔

تاہم بین الاقوامی برادری کے دباؤ کے سبب اُنھیں اپنا یہ منصوبہ ترک کرنا پڑا۔

منگل کی صبح سے ہی سرخ پرچم ہاتھوں میں لیے اور حکومت مخالف نعرے لگاتے ہوئے باغی نوجوان شہر کے کونے کونے میں پھیل گئے۔

کسی قسم کے ناخوش گوار واقعے سے نمٹنے کے لیے بڑی تعداد میں پولیس اور سیکیورٹی کا عملہ بھی تعینات کیا گیا تھا۔ تاہم باغیوں کے مظاہرے پُرامن رہے اورکہیں سے تشدد کے کسی بڑے واقعے کی خبر نہیں ملی ہے۔

ملک کے صدر کے ساتھ ہونے والی رسہ کشی کے نتیجے میں پشپا کمل دَہال پراچندا کی قیادت والی پہلی ماؤنواز حکومت کو مئی میں استعفیٰ دینا پڑا تھا۔ اُس وقت سے باغی مسلسل احتجاجی مظاہرے کرتے رہے ہیں اور اُنھیں پارلیمنٹ کی کارروائی بھی چلانے نہیں دی۔ وہ وزیرِ اعظم مدھو کمار کی برطرفی کے مطالبے پر اَ ڑے ہوئے ہیں۔