بھارتی وزیرِ اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ نے امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے عالمی برادری سے تعاون کی اپیل کی ہے
بھارتی وزیرِ اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ نے افغانستان اور پاکستان میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور اِس خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے عالمی برادری سے بھرپور تعاون کی اپیل کی ہے۔
اُنھوں نے نئی دہلی میں بھارتی معیشت کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے صنعت کاروں سے کہا ہے کہ اِس بات کو یقینی بنایا جانا چاہیئے کہ اِس خطے میں امن و استحکام قائم ہو۔
بھارتی وزیرِ اعظم کے بقول، ہم اپنے پڑوسی ملکوں، بالخصوص افغانستان اور پاکستان میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش میں مبتلا ہیں۔ اُن ملکوں اور جنوبی ایشیا کے دیگر ملکوں میں بھی امن و استحکام اور خوشحالی کو خطرات لاحق ہیں۔
اُنھوں نے مزید کہا کہ وہ ایمانداری کے ساتھ یہ امید کرتے ہیں کہ دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں عالمی برادری کے تعاون کو دنیا کے تمام مہذب ملکوں میں اعلیٰ ترجیح حاصل ہے۔
من موہن سنگھ کے بقول، ہم گذشتہ 25برسوں سے سرحد پار دہشت گردی کا شکار ہیں۔ واضح رہے کہ بھارت دہشت گردی کے لیے پاکستان کو موردِ الزام ٹھہراتا رہا ہے، جب کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف زبردست جنگ چھیڑ رکھی ہے اور اُس نے اِس عزم کا بارہا اظہار کیا ہے کہ وہ بھارت مخالف سرگرمیوں کے لیے اپنی سرزمین کے استعمال کی اجازت نہیں دے گا۔