افغانستان میں تعینات بین الاقوامی افواج ”ISAF“ پر ملک کے مشرق میں ہونے والے حملے میں دو غیر ملکی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں ۔ ہفتے کے روز ”ISAF“ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں ان ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ فوجیوں پر حملہ ایک دیسی ساخت کے بم سے کیا گیا۔
بیان میں کہا گیاہے کہ غیر ملکی افواج افغانستان میں سلامتی کی صورت حال بہتر بنانے کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے دشمن کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھیں گی۔
خیال رہے کہ افغانستان کے جنوبی صوبے ہلمند میں امریکی فوجیوں نے افغان اہلکاروں کے ساتھ مل کر طالبان جنگجوؤں کے خلاف جمعرات کے روز سے ”آپریشن خنجر“ کے نام سے ایک بھرپور آپریشن شروع کر رکھا ہے ۔ اس کارروائی میں چار ہزار امریکی اور 650 افغان فوجی حصہ لے رہے ہیں جنہیں جدید گن شپ ہیلی کاپٹروں کی بھی مدد حاصل ہے۔ اطلاعات کے مطابق ہفتے کے روز ہلمند میں امریکی فوجیوں نے اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرتے ہوئے مزید علاقوں پر اپنی گرفت مضبوط کی ہے۔