کراچی میں جمعہ گوٹھ کے قریب دو ٹرینوں کے درمیان تصادم میں ریلوے حکام کے مطابق کم ازکم 10 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
یہ حادثہ منگل کو اس وقت پیش آیا جب سیالکوٹ سے کراچی آنے والی علامہ اقبال ایکسپریس مخالف سمت سے آنے والی مال گاری سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں علامہ اقبال ایکسپریس کی دو بوگیاں مکمل طور پر تبا ہ ہوگئیں۔
ایس ایس پی ریلوے مظفر علی شاہ نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ یہ حادثہ مسافر ٹرین کے ڈرائیور کی غلطی کے باعث پیش آیا ہے جس نے سگنل نہ ملنے کے باوجود ٹرین کراس کی اور سامنے آنے والی مال گاڑی سے ٹکرا گئی۔ان کا کہنا تھا کہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
واضح رہے کہ حادثے کے بعد مقامی افراد اور رضاکاراداروں سمیت رینجرز کے اہلکار امدادی کارروائی میں مصروف ہیں اور ٹرین کی بوگیوں کو کاٹ کر لاشوں اور زخمیوں کو نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
ایس ایس پی ریلوے کے مطابق حادثے سے ریلوے ٹریک کو نقصان نہیں پہنچا ہے لیکن امدادی کارروائیوں کی وجہ سے اندرونِ ملک سے کراچی آنے والی ٹرین سروس معطل کر دی گئی ہے جسے دوپہر تین بجے تک بحال کردیا جائے گا۔