پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں سڑک میں نصب بم پھٹنے سے سات سکیورٹی اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہو گئے ہیں ۔ مقامی حکام اور عینی شاہدین کے مطابق ریمورٹ کنٹرول بم دھماکاہفتے کے روز اُس وقت ہوا جب خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ کے علاقے سورغرمیں سکیورٹی فورسز کی ایک گاڑی وہاں سے گزر رہی تھی۔
اطلاعات کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بم دھماکے کے بعد جوابی کارروائی کرتے ہوئے توپ خانے سے شدت پسندوں کے مشتبہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
خیال رہے کہ پشاور سے ملحقہ خیبر ایجنسی میں اس سے قبل بھی سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایاجاتارہا ہے جب کہ افغانستان میں تعینات غیر ملکی افواج کے لیے سامان رسد لے کر جانے والے قافلوں پر بھی اس قبائلی علاقے میں طالبان عسکریت پسند حملے کرتے آئے ہیں ۔