وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ مالاکنڈ ڈویژن اور وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں کو عسکریت پسند عناصر سے پاک کرکے تعمیر نو اور ترقی کے اعتبار سے مثالی علاقے بنایا جائے گا۔
ہفتے کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ حکومت اس بات کو سمجھتی ہے کہ صرف فوجی آپریشن ہی مسائل کا حل نہیں ہے اور یہی وجہ ہے کہ علاقے میں سیاسی اورانتظامی اصلاحات بھی لائی جارہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان شدت پسندوں کا قلع قمع کرنا نہایت ضروری ہے جو مالاکنڈ اور فاٹا کی اکثریتی محب وطن اور امن پسند آبادی میں گھس کر پرتشدد کارروائیاں کررہے ہیں۔
وزیراعظم نے بتایا کہ 25ارب روپے کی لاگت سے ایک پیکج تیار کیا گیا ہے جس کے تحت فوج کے تربیت یافتہ سابق اہلکاروں کی تقرری کی گئی تاکہ وہ دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں معاونت فراہم کرسکیں۔
جنوبی وزیرستان آپریشن میں فوج، ایف سی اور پولیس کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ کارروائی اپنے مقرر کردہ مقاصد ضرور حاصل کرے گی۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان کو امداد دینے والے دوست ممالک کے تعاون سے مالاکنڈ ڈویژن کے علاوہ جنوبی وزیرستان کے بے گھر افراد کو بھی نہ صرف بھرپور امدادفراہم کی جارہی ہے بلکہ ان کی نوآبادکاری اور ان کے علاقوں کی تعمیر نو بھی کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ مالاکنڈ سے بے گھر ہونے والے افراد کو واپسی کے وقت فی خاندان 25ہزار روپے دیے گئے جو کل تقریباً ساڑے آٹھ ارب روپے بنتے ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جنوبی وزیرستان سے بے گھر ہونے والے افراد کو بھی واپسی کے وقت فی خاندان 25ہزار روپے دیے جائیں گے۔