مشتبہ امریکی ڈرون طیاروں نے جنوبی وزیرستان میں لدہ کے علاقے میں طالبان اہداف پر دو میزائل حملے کیے ہیں، جِن میں 45شدت پسند وں کےہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔
خفیہ اداروں کے عہدے داروں کے مطابق بغیر پائلٹ کے جہازوں نے گاڑیوں کے ایک قافلے پر میزائل فائر کیے جِن میں طالبان شدت پسند سوار تھے۔ اس حملے میں کم از کم 35انتہا پسند مارے گئے۔
اِس سے پیشتر بدھ کو طالبان کے تربیتی کیمپ پر ایک اور حملے میں دس مزید شدت پسند ہلاک ہوئے۔
منگل کے روز خطے میں اِسی طرح کے ایک اورحملے میں 14غیر ملکی سمیت پاکستانی شدت پسند ہلاک ہوئے تھے۔
ایک طویل عرصے سے جنوبی وزیرستان شدت پسندوں اور بیت اللہ محسود کا گڑھ بنا ہوا ہے۔ محسود چوٹی کے طالبان کمانڈر ہیں جو پاکستان اور امریکی حکومتوں کو مطلوب ہے۔
گذشتہ دو ماہ سے پاکستانی فوج نے ملک کے شمال مغربی علاقے میں طالبان شدت پسندوں کے خلاف جنگ جاری کر رکھی ہے۔ حالیہ دِنوں میں ہونے والی کارروائیوں کے دوران جنوبی وزیرستان میں شدت پسندوں کے اہداف پر فضائی حملے کیے جاتے رہے ہیں، جن میں بیت اللہ محسود کے ٹھکانے بھی شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہےکہ بدھ ہی کے روز پشاورکے ایک مصروف سڑک پر ایک خود کش دھماکا ہوا، جِس میں حملہ آور ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔