ہمارے بارے میں | ہم سے رابطہ کیجیے

وائس آف امریکہ

غیر جانب دار خبریں | دلچسپ معلومات

blank

  • منگل, 24 نومبر 2009
  • آج وی او اے پر

پاکستان RSS Feeds آر ایس ایس فیڈ

پاکستان جانتا ہے کہ القاعدہ کے رہنما کہاں ہیں: ہلری کلنٹن

شیئر کیجیئے

امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن پاکستان میں اپنے دورے کے تیسرے اور آخری روز اسلام آباد میں سماجی اور سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کے علاوہ اطلاعات کے مطابق صوبہ سرحد اور وفاقی حکومت کے زیرانتظام قبائلی علاقوں کے نمائندہ وفود سے بھی ملاقات کریں گی ۔

گذشتہ روز امریکی وزیرخارجہ نے لاہور میں مصروف دن گزارا تھا جہاں اُنھوں نے حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) کے رہنماء نواز شریف سے ملاقات کے علاوہ طالب علموں اور نوجوانوں سے خطاب اور اُن کے سوالات کے جوابات بھی دیے ۔

ہلری کلنٹن نے لاہور میں صحافیوں کے ایک وفد سے بھی ملاقات کی جہاں اُنھوں نے کہا تھا کہ اس بات پر یقین کرنا مشکل ہے کہ پاکستانی حکام یہ نہیں جانتے کہ القاعدہ کے رہنما کہا ں چھپے ہوئے ہیں اور اس بات کو ماننا بھی مشکل ہے کہ اگر پاکستانی حکومت چاہے تو وہ دہشت گردوں کو پکڑ نہیں سکتی۔

لاہو ر سے اسلام آباد پہنچنے پر ہلری کلنٹن نے فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی سے بھی ملاقا ت کی جس کے بعد فوج کی طرف سے جاری ہونے والے ایک مختصر بیان میں کہا گیا کہ جنرل کیانی اور امریکی وزیرخارجہ نے باہمی دلچسپی کے اُمور پر تبادلہ خیا ل کیا ۔ تاہم بیان میں اس ملاقات کی مزید تفصیلات نہیں بتائی گئی ہے۔