ہمارے بارے میں | ہم سے رابطہ کیجیے

وائس آف امریکہ

غیر جانب دار خبریں | دلچسپ معلومات

blank

  • منگل, 24 نومبر 2009
  • آج وی او اے پر

پاکستان RSS Feeds آر ایس ایس فیڈ

راولپنڈی خودکش بم حملے میں 35 ہلاک

فوٹو AP

شیئر کیجیئے

راولپنڈی کینٹ کے علاقے میں شالیمار پلازہ کی کار پارکنگ میں پیر کی صبح ہونے والے خود کش بم دھماکے میں حکام کے مطابق کم ازکم 35 افراد ہلاک اور 45 زخمی ہو گئے ہیں۔  زخیموں میں سکیورٹی فورسز کے اہلکار اور خواتین بھی شامل ہیں۔  پولیس نے بتایا ہے کہ خودکش حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھا ۔

شالیمار پلازہ میں ایک بینک بھی واقع ہےجہاں حملے کے وقت بڑی تعداد میں  حاضر سروس اور ریٹائرڈ سرکاری ملازمین تنخواہوں اور پینش کے حصول کے لیےآئے ہوئے تھے ۔

راولپنڈی کے ریجنل پولیس افسر اسلم ترین نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ زخمی ہونے والوں میں آٹھ کی حالت تشویشنا ک ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکے سےپارکنگ میں کھڑی کئی گاڑیاں تباہ ہوگئیں جبکہ اس کی شدت سے اردگرد کی عمارتوں کے  شیشے بھی ٹوٹ گئے۔   پولیس اور سکیورٹی فورسز نےفوری طور پر علاقے کومکمل طور پر سیل کر کے امدادی سرگرمیاں شروع کر دیں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔

جس جگہ بم دھماکا ہواوہ پاکستانی فوج کے ہیڈ کوارٹرکے قریب واقع ہے جہاں گزشتہ ماہ مشتبہ طالبان شدت پسندوں نے حملہ کر کہ بڑی تعداد میں سکیورٹی اہکاروں اور سویلین سٹاف کو یرغمال بنا لیا تھا جنہیں بعد میں رہا کروالیا گیا۔ اس کارروائی میں نو حملہ آورجب کہ ایک درجن سے زائد فوجی مارے گئے تھے۔ 

 ملک میں ہونے والے پہ در پہ بم حملوں کے بعد وفاقی دارالحکومت اور اس کے جڑواں شہر راولپنڈی میں حالیہ دنوں میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

واضح رہے کہ اکتوبر کا مہینہ ملک میں سب سے ہلاکت خیز ثابت ہوا جس میں ملک کے مختلف شہروں میں ہونے والے بم حملوں اور دہشت گردانہ کارروائیوں میں 250 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے جن میں سکیورٹی اہلکار بھی شامل تھے۔  ان کارروائیوں میں ملوث شدت پسندوں کے خاتمے کے لیے پاکستانی فوج   نے جنوبی وزیرستان میں فوجی آپریشن شروع کر رکھا ہے جس میں اب تک تین سو سے زائد طالبان شدت پسندوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔