ہمارے بارے میں | ہم سے رابطہ کیجیے

وائس آف امریکہ

غیر جانب دار خبریں | دلچسپ معلومات

blank

  • منگل, 24 نومبر 2009
  • آج وی او اے پر

پاکستان RSS Feeds آر ایس ایس فیڈ

فوجی افسرحملے میں زخمی

شیئر کیجیئے

جمعہ کی صُبح دارالحکومت اسلام آباد کے آئی ایٹ سیکٹر میں پاکستانی فوج کی ایک گاڑی پر دو نامعلوم مسلح افراد نے خودکارہتھیاروں سے حملہ کر کے ایک فوجی افسر اور ان کے محافظ کو زخمی کردیا۔

حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے اور واردات کے بعد فرار ہوگئے۔   اطلاعات کے مطابق زخمی افسر کا عہدہ بریگیڈئیر کا ہے جنہیں فوری طور پر پمز ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بتایا ہے کہ دونوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

پچھلے دوہفتوں کے دوران پاکستانی فوج کے یہ تیسر ے بریگیڈئیر ہیں جن پر اسلام آباد میں اس انداز میں حملہ کیا گیا ہے۔

اس سے قبل سوڈان میں اقوام متحدہ کی امن فوج کے ڈپٹی کمانڈر بریگیڈئیر معین احمد کی جیپ پر 22 اکتوبر کی صُبح دارالحکومت کے جی الیون سیکٹر میں دو موٹر سائیکل سواروں نے خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کر کےانھیں ڈرائیور سمیت ہلاک کردیا تھا جب کہ حملے میں ان کے محافظ زخمی ہو گئے تھے۔ بریگیڈئیر معین چھٹی لے کر کچھ روز کے لیے ذاتی کام کے سلسلے میں پاکستان واپس آئے ہوئے تھے۔

اس واقعہ کے چند روز بعد 27 اکتوبر کو بھی ایک فوجی جیپ پر اسی انداز میں فائرنگ کی گئی لیکن گاڑی میں سوار افراد اس حملے میں محفوظ رہے۔

ان واقعات کے محرکات واضح نہیں لیکن حکام کا ماننا ہے کہ یہ کارروائیاں جنوبی وزیرستان میں کالعدم تحریک طالبان کے خلاف فوجی آپریشن کا رد عمل ہو سکتا ہے۔