پاکستانی فوج نے کہا ہے کہ اُس نے پچھلے 24گھنٹوں میں وادیِ سوات اور آس پاس کے علاقے میں متعدد جھڑپوں کے دوران14جنگ جوؤں کو ہلاک کردیا۔
پیر کے روز فوج کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سوات، بنّوں اور دِیر کے اضلاع میں مقامی مسلح لوگوں کے ساتھ فوج کی کئى جھڑپیں ہوئیں اور فوج نے دھماکا خیز اشیا، گولا بارود اور کئى بندوقیں ضبط کرلیں۔ سکیورٹی فورسز نے ایسے 50 خچّر بھی ضبط کرلیے جن پر اسلحہ، گولہ بارود اور ادویات لدی ہوئى تھیں۔
فوج نے کہا ہے کہ بالائى دِیر میں سڑک کے کنارے بم کے ایک دھماکے میں ایک موٹر گاڑی میں سوار ایک بچّہ ہلاک اور دس عام شہری زخمی ہوگئے۔
پاکستان کے شمال مغرب میں جاری خوں ریزی کے باعث لگ بھگ 20 لاکھ لوگ بدستور بے گھر ہیں جب کہ اسی دوران وادیِ سوات کے علاقے اور پاکستان کے اُن علاقوں میں جہاں طالبان کا غلبہ ہے، جنگ جو عناصر کے خلاف فوج کی کارروائیاں جاری ہیں۔
فوج کا کہنا کے اب تک 48 سو کے قریب خاندان وادیِ سوات اور دیر کے علاقے میں اپنے گھروں کو واپس جا چکے ہیں۔