اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس کی بحریہ نے اسرائیلی ساحل سے لگ بھگ 160 کلومیٹر کے فاصلے پر بحیرہ روم میں ہتھیار لے جانے والےایک بحری جہاز کو پکڑ لیا ہے۔
بدھ کے روز فوج کی ایک ترجمان نے کہا کہ خصوصی میرین فورس نے رات کے وقت ایک ایسے جہاز کو روکا جس پر اینٹی گوا کا پرچم لگا ہوا تھا اور انہیں اس میں ہتھیاروں کی موجودگی کا شبہ ہوا۔
ترجمان کا کہنا ہے جہاز کی تلاشی کے دوران اس سے ہتھیار ملے ، جس کے بعد جہاز کو ساحل پر لے جایا گیا۔
مقامی نیوز رپورٹس میں فوجی عہدے داروں کے حوالے سے بتایا گیا کہ وہ ہتھیار ایران سے لبنان لے جائے جارہے تھے اور غالباً ان کی منزل حزب اللہ عسکریت پسند گروپ تھا۔انہوں نے کہا کہ ان ہتھیاروں میں ٹینک شکن میزائل شامل تھے۔
اسرائیل کے وزیر دفاع ایہود باراک نے اس کارروائی کودہشت گردوں کو ہتھیاروں کی سمگلنگ کی ان کوششوں کے خلاف جو اسرائیل کے لیے خطرہ ہیں،ایک نئی کامیابی قرار دیا ۔