اسرائیل نے پولیس اور فلسطینی مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کے بعد بدامنی کے کسی نئے امکان کو روکنے کے لیے یروشلم کے پرانے شہر کے اردگرد سیکیورٹی کے ہزاروں اہل کار متعین کردیے ہیں۔
پیر کے روز سفید دوشالے اوڑھے ہزاروں یہودی عبادت گذار ہفتے بھر کی تعطیل سکوت منانے کے لیے مغربی دیوار کے پاس اکھٹے ہوئے۔ یہ دیوار ایک ایسے احاطے پر واقع ہےجسے یہودی ٹمپل ماؤنٹ کہتے ہیں جو ان کا مقدس ترین مقام ہے۔
مسلمان بھی اس احاطے کو اپنا مقدس ترین مقام سمجھتے ہیں جسے وہ الحرم القدسی الشریف کہتے ہیں۔
اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے حفاظتی وجوہ کی بنا پر مسلمان عبادت گزاروں کو احاطے تک رسائی سے روکا اور صرف 50 سال سے زیادہ عمر کے مسلمان مردوں اور عورتوں کو وہاں داخلے کی اجازت دی۔ ان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی عرب راہنماؤں کی جانب سے مظاہروں کی اپیلوں کے نتیجے میں تشدد کے واقعات پیش آسکتے تھے۔