یہ دن چارجولائى1776ء کی یاد میں منایا جاتا ہے جب ابتدائی13 امریکی نوآبادیوں نے باضابطہ طور پر برطانیہ سے آزادی کا اعلان کیا تھا
چار جولائی کو امریکہ میں بڑے پیمانے پر آتش بازی کی جاتی ہے
اقتصادی بحران کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے ”ہر امریکی کی جانب سے غیر معمولی کوششوں کی ضرورت ہوگی۔“ صدر اوباما
امریکہ میں لوگ ہفتے کے روز آتش بازی کے مظاہروں، پریڈوں اور موسیقی کی محفلوں کے ساتھ اپنے ملک کا یومِ آزادی منا رہے ہیں۔
واشنگٹن ڈی سی اور نیو یارک ان بڑے شہروں میں شامل ہیں، جہاں چار جولائى کی سالانہ روایت کے مطابق ہفتے کی شام آتش بازی کے پُر شکوہ مظاہرے ہورہے ہیں۔ لیکن کئى چھوٹے شہروں کو اقتصادی بحران کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے اور انہوں نے یومِ آزادی کی تقریبات کو منسوخ کردیا ہے یا انہیں ڈرامائى طور پر مختصر کردیا ہے۔
امریکی صدر براک اوباما نے ریڈیو اور وڈیو پر اپنی ہفتہ وار تقریر میں امریکیوں کی حوصلہ افزائى کی ہے کہ وہ تھوڑی فرصت نکال کر تفریح کریں۔ لیکن انہوں نے امریکیوں کو یہ بھی یاد دلایا ہے کہ ملک کو شدید اقتصادی کساد بازاری سے لے کر عراق اور افغانستان میں دو جنگوں سمیت جن بھاری مسائل کا سامنا ہے، وہ اتنے بڑے پیمانے پر پہلے کبھی سامنے نہیں آئے تھے۔
صدراوباما نے کہا کہ اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے ”ہر امریکی کی جانب سے غیر معمولی کوششوں کی ضرورت ہوگی۔“
یہ دن چارجولائى 1976ء کے اُس دن کی یاد میں منایا جاتا ہے جب ابتدائی13 امریکی نوآبادیوں کے مندوبین نے باضابطہ طور پر برطانیہ سے اپنی آزادی کا اعلان کیا تھا۔صدر بارک اوباما ہفتے کے دن وائٹ ہاؤس کی ایک تقریب میں فوجیوں کے خاندانوں کے ہمراہ یومِ آزادی منا رہے ہیں۔
پبلک براڈ کاسٹنگ سروس اور نیشنل پارک سروس نے ہفتے کی امریکہ کے ایوانِ پارلیمنٹ یا کیپیٹل کے سامنے ایک بڑی اور رنگا رنگ محفلِ موسیقی کا اہتمام کیا ہے۔ تاہم مکمل کنسرٹ سے پہلے جمعے کے روز بھی ریہرسل میں گلوکار بَیری مَین لو اور اریتھا فرینکلن سمیت دوسرے فنکاروں نے کیپیٹل کے سامنے جمع ہونے والے سینکڑوں لوگوں کو دل کش موسیقی سے محظوظ کیا۔

نیویارک کے جزیرے کونی پر چار جولائى کو ہاٹ ڈوگ کھانے کا وہ مشہور سالانہ مقابلہ ہورہا ہے، جسے عموما ً پورے ملک میں ٹیلی ویژن کے سپورٹس نیٹ ورک ای ایس پی این پر نشر کیا جاتا ہے۔
بہت سے امریکیوں کے لیے امریکہ میں چار جولائى کی یومِ آزادی کی تعطیل ایک دن پہلے ہی شروع ہوگئى تھی اور انہوں جمعے کے روز سے اپنی طویل ہفتہ وار چُھٹی کا آغاز کردیا تھا۔اس لیے کہ وفاقی دفاتر اور بینک جمعے کے روز ہی بند ہوگئے تھے اور حکومت کی بہت سی سروسوں میں کمی کردی گئى تھی۔