پاپ سٹار مائیکل جیکسن کی جون میں اچانک موت نے جہاں دنیا بھر میں ان کے کروڑوں پرستاروں کو سوگوار کیا ہے، وہیں انکے بہت سے مداح انہیں یاد کرنے اور خراج ِ عقیدت پیش کرنے کے لیے مختلف انداز اختیار کر رہے ہیں۔ مائیکل جیکسن موت کے بعد انکی البم Thriller اور ان کے ڈانس پر مبنی سٹیپس کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہےاور دنیا بھر کے ڈانس گروپس ، مائیکل کے انداز میں ڈانس کر کے ان کی یاد منا رہے ہیں۔
1983 میں مائیکل جیکسن کی البم thriller نے کامیابی کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے تھے۔ اور اب جبکہ البم کی ریلیز کو ربع صدی بیت چکی ہے اس البم کے گانوں کی مقبولیت میں کوئی کمی نہیں آئی۔
میری لینڈ کے جوز موومنٹ ایمپوریم میں جب ایک سٹوڈنٹ نے مائیکل جیکسن کے گانوں پر ڈانس سکھانے کا خیال پیش کیا تو یہ آرٹسٹک ڈائریکٹر بروک کڈ کو بہت پسند آیا۔ ان کا کہنا ہے کہ مائیکل جیکسن کے انداز میں ڈانس کرنا مشکل تو ہے مگر یہی اس کی خوبصورتی بھی ہے جو آج تک برقرار ہے۔
اس کلاس میں تقریبا ساٹھ افراد نے شرکت کی۔ رومی کا بچپن مائیکل جیکسن کے گانے دیکھتے ہوئے بڑے ہوئے گذرا اور اب وہ ان گانوں اور جیکسن کے جادوئی رقص کو اپنی بیٹی ہارپر تک پہنچانا چاہتی ہیں۔
اپنی بیٹی کے بارے میں وہ کہتی ہیں کہ وہ ایک اعلیٰ درجے کی رقاصہ ہے مگر میں چونکہ اسی کی دہائی میں بڑی ہوئی اس لیے مجھے مائیکل کے گانوں سے خاص انسیت ہے۔
جبکہ سولہ سالہ مایا بھی اپنی پیدائش سے دس سال قبل ریکارڈ ہونے والے گانے کوسراہتے ہوئے پاپ میوزک کے بے تاج شہنشاہ کو خراج ِ عقیدت پیش کرنا چاہتی ہیں۔
وہ کہتی ہیں کہ میں پاپ موسیقی کے بادشاہ مائیکل جیکسن کو خراج ِ عقیدت پیش کرنا چاہتی ہوں۔ اوراس کے لیے ڈانس سے بہتر طریقہ اورکیا ہو سکتا ہے؟
اس کلاس میں ڈانس کرنے والوں کے رقص کے انداز میں ابھی وہ پختگی نہیں ہے مگر وہ سب اکتوبر میں’تھرل دی ورلڈ‘ میں حصہ لینے کے حوالے سے خوش ہیں۔ یہ وہ وقت ہوگا جب دنیا بھر میں مائیکل جیکسن کے ہزاروں پرستا ر تھرلر پر ایک ساتھ ڈانس کرکے انہیں خراج ِ عقیدت پیش کریں گے۔