نیویارک کے پاکستان نژاد عیسائیوں نے پنجاب کے علاقے گوجرہ میں عیسائی برادری پر حملوں کے خلاف بدھ کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر کے باہر مظاہرہ کیا۔
سو کے قریب مظاہرین نے پوسٹر اور بینر اٹھا رکھے تھے اور وہ نعرے لگا رہے تھے کہ ’اللہ کے نام پر قتل نہ کرو۔’ اور ’عیسائی بھی پاکستانی ہیں۔’
کرسچین ایسوسی ایشن آف نارتھ امریکہ کے تحت کیے گئے اس مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ پاکستان میں اقلیتوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے زور ڈالیں۔ انہوں نےیہ بھی مطالبہ کیا کہ پاکستان میں توہینِ رسالت و مذہب کا قانون ختم کیا جائے کیونکہ اسے اقلیتوں کے خلاف استعمال کیا جاتا ہے۔
بعض مقررین نے شرکا کو پاکستان کے یوم آزادی پر قائد اعظم کا وہ وعدہ یاد دلایا کہ پاکستان میں ہر شخص کو برابری کے حقوق ملیں گے اور مذہب کی بنیاد پر تعصب نہیں برتا جائے گا۔
مظاہرے کے خاتمے پر اس کے منتظمین نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان گی مون کے نام تحریری قرارداد پیش کی جس میں ان کی توجہ گوجرہ کے واقعے کی طرف مبذول کرائی گئی اور اس سلسلے میں موثر اقدامات کی اپیل کی گئی۔