ہمارے بارے میں | ہم سے رابطہ کیجیے

وائس آف امریکہ

غیر جانب دار خبریں | دلچسپ معلومات

blank

  • منگل, 24 نومبر 2009
  • آج وی او اے پر

حقوقِ انساں RSS Feeds آر ایس ایس فیڈ

ایران:احتجاجی مظاہرین کے خلاف مقدموں کا آغاز

شیئر کیجیئے


ایران میں ہفتے کے روز ایسے لگ بھگ ایک سو سرگرم ایرانیوں اور اعتدال پسند سیاست دانوں کے خلاف مقدموں کی سماعت شروع ہوگئی، جنہیں متنازع صدارتی انتخاب کے بعد وسیع پیمانے پر ہونے والے احتجاجی مظاہروں سے متعلق الزامات کا سامنا ہے۔

نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی فارس نے ایسی تصویریں جاری کی ہیں جن میں مدعا علیہم کو تہران کے ایک کھچا کھچ بھرے ہوئے کمرہ عدالت میں بیٹھے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ان میں سے بعض کو ہتھ کڑیاں پڑی ہوئى ہیں۔

خبر رساں ایجنسی اِرنا نے کہا ہے کہ نظربندوں پر دوسرے الزامات کے علاوہ نظامِ حکومت کے خلاف سازش کرنے کا الزام ہے۔

اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ جن لوگوں پر مقدمے چلائے جارہے ہیں اُن میں سے بعض ممتاز سیاسی شخصیتوں نے اپنا یہ دعویٰ واپس لے لیا ہے کہ جون کے الیکشن میں دھاندلی کی گئى تھی، جو کہ حزب اختلاف کے مظاہرین کو یک جا کرنے والا سب سے مضبوط موقف تھا۔
فارس نے کہا ہے کہ اصلاحات کے حامی سابق نائب صدر محمد علی ابتَہی نے کہا ہے کہ صدر محمود احمدی نژاد کے دوبارہ انتخاب میں ووٹنگ میں دھاندلی کے دعوے بے بنیاد ہیں۔

اسی دوران ابتَہی کے وکیل صالح نیک بخت نے وائس آف امریکہ کو بتایا ہے کہ انہیں مقدمہ شروع ہونے سے پہلے اس مقدمے سے آگاہ نہیں کیا گیا تھا اور جب وہ عدالت گئے تو انہیں عدالت کے کمرے میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔

امریکہ میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے کہا ہے کہ بعض ممتاز وکلا کو عدالت میں مدعا علیہم کی پیروی کرنے سے باز رکھنے کے لیے گذشتہ ہفتوں کے دوران گرفتار کرلیا گیا تھا۔

تنظیم کا کہنا ہے کہ نظر بندوں سے جھوٹے اقبالِ جرم حاصل کرنے کے لیے انہیں مارا پیٹا گیا اور اُن کے خلاف پوچھ گچھ کے دُرشت طریقے استعمال کیے گئے۔