ہمارے بارے میں | ہم سے رابطہ کیجیے

وائس آف امریکہ

غیر جانب دار خبریں | دلچسپ معلومات

blank

  • منگل, 24 نومبر 2009
  • آج وی او اے پر

فلم نگر سے RSS Feeds آر ایس ایس فیڈ

شاہ رخ خان کو تائی کے لیے تائی کوانڈو بلیک بیلٹ

شیئر کیجیئے

بالی وڈ کی فلموں میں چوٹی کے اداکار شاہ رخ خان کی بے پناہ خدمات کو سراہتے ہوئے جمعرات کے روز ممبئی شہر میں  کوریا کی حکومت نے انہیں تائیکوانڈو کی اعزازی بلیک بیلٹ سے نوازا ہے۔  اِس کے علاوہ بھارت میں کوریا کے ادب و ثقافت اور سیاحت کو فروغ دینے کے لیے شاہ رخ کو اعزازی سفیر بھی بنایا گیا ہے۔

شاہ رخ نے اعزاز کو قبول کرتے ہوئے برسبیلِ مذاق کہا کہ بلیک بیلٹ ملنے کے باوجود بھی اُن کا اصل زندگی میں بلیک بیلٹ ڈگری سے لیس سپر سٹار اکشے کمار سے مقابلہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔  شاہ رخ نے مزید کہا کہ اُن کے بچے آرین اور سہانا بھی تائیکوانڈو سیکھ رہے ہیں۔  اور اُن کے بیٹے کو شکایت ہے کہ بنا کھیل میں مہارت حاصل کیے ہی بڑی آسانی سے انہیں بلیک بیلٹ دے دیا گیا۔

خیال رہے کہ پچھلے کئی مہینوں سے شاہ رخ اپنے کندھوں کے آپریشن کے سبب اپنی فلموں میں ایکشن سین کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔  بالی وڈ میں فلمی پردے پر رومانی کرداروں کو زندہ کرنے کے لیے مشہور شاہ رخ کے مطابق وہ خود  شاید ہی کبھی تائیکوانڈو  کھیل پائیں تاہم مستقبل میں وہ اپنی فلموں کے ذریعے اس فن کو سنیمابینوں کے سامنے ضرور پیش کریں گے۔

بلیک بیلٹ کی وردی میں اعزاز قبول کرتے ہوئےشاہ رخ نے کہا کہ وہ دونوں ملکوں کی فلم انڈسٹری کے درمیان فاصلوں کو کم کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔

اِس سال یہ دوسرا بین الاقوامی اعزاز ہے جو شاہ رخ کے حصے میں آیا ہے۔  جولائی کے مہینے میں 43 سالہ سپر سٹار شاہ رخ خان کو برطانیہ کے بیڈ فورڈ یونیورسٹی کی جانب سے اعزازی ڈاکٹریٹ ڈگری سے نوازا جا چکا ہے۔