واٹس یور راشی؟ میں پرینکا چوپڑا کے 12 مختلف کردار
بالی وڈ ہیروئین پرینکا چوپڑا اِن دنوں ریلیز کے لیے تیار اپنی نئی فلم ’واٹس یور راشی؟‘ کے باعث اخباروں کی سرخیوں میں چھائی ہوئی ہیں۔ فلم ساز آسوتوش گواریکر کی اِس نئی فلم میں پرینکا ایک نہیں دو نہیں بلکہ پورے 12 مختلف کرداروں میں نظر آئیں گی۔ فلم ’واٹس یور راشی؟‘ کا یہ اہم تاریخی کردار پرینکا کا نام گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈز میں درج کروا سکتا ہے۔ فلم میں پرینکا کے ساتھ ہیرو کا کردار ہرمن بویجا کر رہے ہیں۔
حال ہی میں ہٹ فلم ’کمینے‘ میں لاجواب اداکاری کے لیے فلمی ناقدین کی داد بٹورنے والی پرینکا نے یہ مانا ہے کہ فلم ’واٹس یور راشی؟‘ میں 12 مختلف کرداروں کو کرنے کے لیے انہیں خاصی محنت کرنی پڑی جس کا اثر اُن کی صحت پر بھی پڑا۔ خیال رہے کہ کمزوری کے سب پرینکا کو اِس سال دو بار ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ اِس فلم کی عکس بندی ممبئی کے 65 مقامات پر کی گئی ہے۔
بالی وڈ کو فیشن اور دوستانہ جیسی سپر ہٹ فلمیں دینے والی پرینکا بھارتی فلم انڈسٹری کی پہلی اور واحد اداکارہ ہیں جوکسی ڈپلی کیٹ ایکٹر کی مدد لیے بنا ایک ہی فلم میں 12 مختلف کردار کررہی ہیں۔ یہاں تک کے عالمی سطح پر بھی کوئی ہالی وڈ اداکار بھی یہ کارنامہ انجام نہیں دے پایا ہے۔
اس سے پہلے بھارتی فلم انڈسٹری میں پہلی بار پرانے دور کے منجھے ہوئے اداکار سنجیو کمار نے فلم ’نیا دن نئی رات’ میں ایک ساتھ نو مختلف کردار نبھائے تھے۔ اُس کے بعد اداکار شیواجی گنیشن نے فلم ’نواراتھری’ میں نو رول کیے۔ پھر باری آئی جنوبی بھارتی فلموں کے مشہور ہیرو کمل ہاسن کی جنھوں نے اپنی فلم ’دشاوتارم’ میں دس مختلف کرداروں کو فلمی پردے پر بخوبی نبھا کر ایک نیا ریکارڈ مرتب کردیا۔ اِس کے علاوہ ہالی وڈ کی فلم ’دی نٹی پروفیسر‘ کے سیکول میں بھی ایڈی مرفی نے آٹھ کردار ایک ساتھ ادا کیے تھے۔
شاید اسی لیے پرینکا کے ساتھ فلم واٹس یور راشی؟ کے ڈائریکٹر آسوتوش گواریکر کو بھی گینیس بُک آف ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے اِس تصدیق کا انتظار ہے کہ پرینکا دنیا کی پہلی اداکارہ ہیں جو ایک ساتھ 12 کردارایک ہی فلم میں نبھارہی ہیں۔
گذشتہ سال ریلیز ہوئی فلم ’فیشن‘ کے لیے پرینکا کو فلم انڈسٹری کے تقریبا سارے ایواڈز ملے تھے۔ اب دیکھنا ہے کہ کمینے فلم میں بہترین اداکاری کے بعد پرینکا فلم واٹس یور راشی؟ کے ذریعے اپنے مداحوں کا دل جیتنے میں کتنا کامیاب ہوتی ہیں۔