مراٹھی فلم ہریش چندرا چی فیکٹری کا ایک منظر
اس سال آسکر ایوارڈز کے لیے بھارت کی جانب سے مراٹھی فلم ہریش چندراچی فیکٹری کو نامزد کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ مراٹھی زبان کے اسٹیج ایکٹر اور ہدایت کار پریش موکاشی کی یہ پہلی مراٹھی فلم ہے جس نے قومی سطح کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر بھی فلمی ناقدین کو بےحد متاثر کیا ہے۔
فلم ساز موکاشی نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ ان کی فلم ہریش چندراچی فیکٹری کو فلم فیڈریشن آف انڈیا نے اس سال بھارت کی جانب سے غیر ملکی زبان کی فلموں کے زمرے میں آسکر کے لیے نامزد کیا ہے۔ یہ اہم اعلان پرانے دور کی مشہور ہیروئین آشا پاریکھ کی سربراہی میں بنی فلم فیڈریشن آف انڈیا کی جیوری نے کیا ہے۔
فلم ہریش چندراچی فیکٹری کی کہانی ہندی فلموں کے باوا آدم دادا صاحب پھالکے کے بھارت کی پہلی فیچر فلم راجا ہریش چندرا کو بنانے کے لیے کی گئی جدوجہد پر مبنی ہے۔ واضح رہے کہ دادا صاحب پھالکے نے 1913ء ہندوستان کی پہلی فیچر فلم بنائی تھی۔
بالی وڈ کی ہٹ فلموں نیویارک سمیت 14 فلموں کو مات دے کر مراٹھی ہٹ فلم ہریش چندراچی فیکٹری نے آسکر کے لیے تاریخی نامزدگی حاصل کی ہے۔ فلم ماہرین کا خیال ہے کہ اس سے ملک میں علاقائی زبان کی فلموں کو فروغ ملے گا۔
پچھلے برس دسمبر میں مکمل ہونے والی اس مراٹھی فلم کو کئی بین الاقوامی اعزازات مل چکے ہیں۔ موکاشی کے مطابق آسکر کے دوران فلم ہریش چندراچی فیکٹری کی تشہیر کے لیے وہ بالی وڈ ایکٹر عامر خان اور سپر ہٹ فلم لگان کے ڈائریکٹر آشوتوش گواریکر کی مدد لیں گے۔ یہ فلم بہت جلد بھارت بھر میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔