لتا منگیشکر دلیپ کمار کے ساتھ گیت ریکارڈ کرواتے ہوئے
برصغیر کی مقبول ترین گلوکارہ لتا منگیشکر پیر کے روز 80 سال کی ہو گئی ہيں۔ لتا پچھلی آٹھ دہائیوں سے اپنی سریلی اور مسحورکن آواز کا جادو جگا رہی ہیں۔ ہندی فلم انڈسٹری میں ہزاروں نغمے گانے والی لتا کی میٹھی آواز کا آج تک کوئی ثانی پیدا نہیں ہوا۔
نرگس، مینا کماری، مدھوبالا، وحیدہ رحمٰن، وجنتی مالا، ممتاز، زینت امان، سری دیوی، مادھوری دکشت اور ایشوریا رائے سے لے کر سالِ رواں کی نمبر ون کرینہ کپور تک بالی وڈ کی فلمی ہیروئنوں کے کئی روپ بدلے ہیں، لیکن ان سب میں ایک قدرِ مشترک لتا منگیشکر رہی ہیں۔
ہندی فلموں کے نغموں کے علاوہ لتا نے متعدد غزلیں، کلاسیکل گانے، بھجن اور پاپ نغمے بھی گائے ہیں۔ بلبلِ ہندوستان کے نام سے مشہور لتا نے ہندی نغموں کے علاوہ مزید 20 زبانوں کے لیے نغمے ریکارڈ کروائے ہیں۔
لتا کی سال گرہ پر پورا بالی وڈ انہیں مبارک باد پیش کررہا ہے۔ ہر سال لتا اپنے جنم دن کے موقعے پر ممبئی سے باہر چلی جاتی ہیں تاکہ وہ کچھ وقت اپنے اہلِ خانہ اور احباب کے ساتھ گزار سکیں۔