بھارت کے نامور آسکریافتہ موسیقار اے آر رحمان نے آسٹریلیا میں امن کنسرٹ کرنے کی پیش کش کی ہے۔ میڈیا کے لیے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق یہ کنسرٹ اگلے سال جنوری میں آسٹریلیا کے سڈنی شہر میں منعقد ہوگا۔
واضح رہے کہ پچھلے دنوں آسٹریلیا میں زیر تعلیم بھارتی طلبا پر نسل پرست حملوں کے متعدد واقعات سامنے آئے ہیں۔ جس کی مذمت بھارت نے کھلے طور پر کی تھی۔
اپنی مسحورکن موسیقی سے بھارت کو بین الاقوامی سطح پر پہچان دینے والے رحمان پُرامید ہیں کہ وہ اپنی موسیقی کے ذریعے آسٹریلوی اور بھارتی باشندوں کے درمیان کھڑی غلط فہمی کی دیوار توڑ کر پیار اور بھروسے کا نیا پُل باندھنے میں کامیاب ہوں گے۔
اطلاعات کے مطابق رحمان 16 جنوری کو سڈنی شہر کے پراماٹا پارک میں میوزک شو کریں گے۔ آسٹریلیا میں بالی وڈ کی فلمیں خاصی مقبول ہیں اور وہاں کئی ہٹ ہندی فلموں کی عکس بندی ہوچکی ہے جن میں ’دل چاہتا ہے‘، ’کل ہو نہ ہو‘ اور ’ہے بےبی‘ جیسی فلمیں قابلِ ذکر ہیں۔