ترکی کے عہدے داروں نے کہا ہے کہ تعلقات میں کئی عشروں کی سرد مہری کے بعد اُن کا ملک آرمینیا کے ساتھ سفارتی رابطے قائم کرے گا۔
عہدے داروں نے اتوار کے روز کہا کہ سفارتی رابطے قائم کرنے سے متعلق ایک معاہدے پر ترکی اور آمینیا کے وزرائے خارجہ 10 اکتوبر کو دستخط کریں گے۔
کئی ماہ کی گفت و شنید کے بعد طے پانے والے معاہدے میں ترکی اور آرمینیا کے درمیان سرحد کھولنے کے لیے بھی کہا گیا ہے۔ اس معاہدے کے لیےدونوں ممالک کی پارلیمنٹوں سے منظوری حاصل کرنا لازمی ہے۔
ترکی اور آرمینیا کے درمیان تعلقات پہلی جنگ عظیم کے دوران ترک عثمانیہ حکومت کے ہاتھوں بڑے پیمانے پر آرمینیائی باشندوں کی ہلاکتوں کے بعد سے خراب چلے آرہے ہیں۔
آرمینیا کا کہنا ہے کہ اس دوران جسے وہ قتل عام کہتے ہیں، 15 لاکھ کے لگ بھگ آرمینیائی باشندوں کو ہلاک کیا گیاتھا۔ ترکی اس دعویٰ کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہتا ہے کہ تعداد بہت زیادہ بڑھا چڑھا کر بتائی گئی ہے۔
ترکی نے آرمینیا کے ساتھ اپنی سرحد 1933 میں بند کردی تھی۔