ادویات سے متعلق یورپی ادارے ای ایم ای اے نے ایچ ون این ون سوائن فلو کے لیے دو ویکسینوں کی منظوری دے دی ہے جو اب یورپ بھر میں استعمال کے لیے دستیاب ہوں گی۔
ای ایم ای اے نے جمعے کے روز کہا کہ نووارٹس کمپنی کی فوسٹریا اور گلیکسو سمتھ کلائن کی پین ڈیمرکس کو مارکیٹ کے لیے لائسنس جاری کردیے جانے چاہئییں۔ ویکسینوں کی عام لوگوں کو فراہمی سے قبل یورپین کمیشن کو ان کی منظوری دینی ہوتی ہے۔
عالمی ادارہٴ صحت سوائن فلو کو عالمی وبا قرار دے چکا ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں اس وائرس سے تین ہزار سے زیادہ ہلاکتیں ہو چکی ہیں اور دو ارب سے زیادہ افراد کو اس وبا سے متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔
آسٹریلیا، چین، ہنگری اور امریکہ پہلے ہی اس مہلک بیماری سے بچاؤ کی ویکسینوں کے لیے لائسنس جاری کرچکے ہیں۔