نائب صدر جوبائیڈن میزائل ڈیفنس کے امریکی منصوبوںکے بارے میں اپنے نیٹو کے اتحادیوں پولینڈ اور رومانیہ کے بعد جمہوریہ چیک کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔
جمعے کے روز مسٹر بائیڈن نے جمہوریہ چیک کے وزیر اعظم جین فشر سے ملاقات کی۔ مسٹر فشر کا کہناتھا کہ ان کاملک نئے منصوبے کا حصہ بننے پر آمادہ ہے۔
امریکی نائب صدر نے کہا کہ واشنگٹن اگلے مہینے بات چیت کے لیے اپنے ماہرین کی ایک ٹیم پیراگوئے بھیجے گا۔
پیراگوائے اس سے قبل جمہوریہ چیک اور پولینڈ میں میزائل ڈیفنس سسٹم کی تنصیب کے منصوبے ختم کرنے کے صدربراک اوباما کے فیصلے پراپنی مایوسی کا اظہار کرچکا ہے۔
مسٹر بائیڈن نے کہا ہے کہ نئے نظام کی مدد سے ایران جیسے ملکوں کی جانب سے میزائلوں کے خطرے کا بہتر طور پر مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔
نظرثانی شدہ منصوبے میں کم اور درمیانے فاصلے کے میزائل شکن آلات پر توجہ مرکوز کی گئی ہے جب کہ سابق امریکی صدر جارج بش کے مجوزہ منصوبے میں ہدف کومار گرانے کے لیے دورمار میزائلوں کی تجویز دی گئی تھی۔