امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی(USAID)نے سندھ کی وزارت تعلیم و خواندگی کے ساتھ مل کر صوبے میں پری سروس ٹیچر ایجوکیشن پروگرام (Pre-STEP)کا اجراء کیا ہے جس کے تحت نئے اور موجودہ اساتذہ کی تعلیمی مہارتوں کو مستحکم کرکے پاکستان میں بنیادی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ ساڑھے سات کروڑ ڈالر کا یہ پانچ سالہ پروگرام صوبہ بھر میں تربیتی پروگرام کے لیے فنڈفراہم کرے گا۔
عالمی ادارے کے مشن ڈائریکٹر رابرٹ ولسن نے اس موقع پر کہا کہ امریکہ پاکستان کے تعلیمی نظام کو مجموعی طور پر بہتر بنانے کے لیے نئے اساتذہ کی مہارتوں اور صلاحیتوں کو بہتر بنانے کی ضرورت سے آگاہ ہے اور اس نے پاکستان کی تعلیمی اصلاحات میں اعانت کرنے اور ایسی بنیاد تعمیر کرنے کا عزم کررکھا ہے جس پر چل کر آئندہ نسلیں اپنے ملک کی ترقی میں قائدانہ کردار ادا کریں۔
پری سروس ٹیچر ایجوکیشن پروگرام پاکستان کے ہائر ایجوکیشن کمیشن، وفاقی وزارت تعلیم، صوبائی محکمہ ہائے تعلیم اور اساتذہ کے اداروں کے اشتراک سے موجودہ ڈھانچے اور منصوبوں کو بہتر بنانے کے لیے کام کرتا ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے 15جامعات اور اساتذہ کے 75کالجوں کو اساتذہ کی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مدد دی جائے گی۔