آپ نے فرانسیسی جملہ سنا ہوگا: پارلے وُو فرانسے؟ اس میں آخری لفظ کا مطلب صاف ظاہر ہے کہ فرانسیسی ہے۔ دوسرے کا مطلب ہے آپ، تو پہلے کا مطلب کیا ہوا؟ اس کا مطلب ہے بولنا!! تو سارے جملے کا مفہوم ہے کیا آپ فرانسیسی بول سکتے ہیں؟
آج کا لفظ پارلیمنٹ دراصل فرانسیسی پارلے کی جدید شکل ہے اور اس کا لفظی مطلب بولنے سے زیادہ کچھ نہیں۔
فرانسیسی کا پارلے کہاں سے آیا؟ یہ فعل یعنی parler لاطینی سے آیا ہے، جہاں یہ تھا: parlamentum
لفظ پارلیمنٹ تاریخی اعتبار سے انگلستان اور فرانس میں بحث، ملاقات اور بعد میں مقننہ اور عدالت کے لئے استعمال ہوتا رہا ہے۔ آج کل جن مفاہیم میں استعمال ہوتا ہے وہ ہیں: اسمبلی اور کونسل وغیرہ، یعنی ایسا اجتماع جہاں عوام کے مسائل سے نمٹنے کے لئے قومی سطح پر گفت و شنید کی جاتی ہے۔