امریکی صدر براک اوباما زیادہ سے زیادہ امریکیوں کے لیے اعلیٰ تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانے کی کوششوں کے سلسلے میں منگل کے روز کمیونٹی کالجوں میں اضافے کے لیے 12 ارب ڈالر کے ایک پروگرام کا افتتاح کررہے ہیں۔
صدر اوباما منگل کی شام کو وسط مغربی ریاست مشی گن میں میکامب کمیونٹی کالج کے دورے کے موقع پر اپنے اس دس سالہ پروگرام کا خاکہ پیش کریں گے۔
اس منصوبے میں کالجوں میں ایسے طالب علموں کے مسائل حل کرنے کے لیے ، جن میں وہ طالب علم بھی شامل ہیں جنہیں اپنے سکول کی تعلیم ادھوری چھوڑنی پڑتی ہے، نئے دوسالہ پروگراموں کے آغاز کے لیے نو ارب ڈالر کی گرانٹس شامل ہیں۔
کمیونٹی کالجوں کی تعمیر و مرمت پر دس ارب ڈالر کی گنجائش پیدا کرنے کے لیے ڈھائی ارب ڈالر ابتدائی سرمائے کے طورپر استعمال کیے جائیں گے جب کہ 50 کرورڑ ڈالر آن لائن ایجوکیشن کے لیے رکھے جائیں گے۔
صدر اوباروزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے اعلیٰ تعلیم کی اہمیت پر بار بار زور دے چکے ہیں۔ فروری میں کانگریس سے اپنے ایک خطاب کے دوران انہوں نے ہر امریکی پرکم ازکم ایک سال اعلیٰ تعلیم یا پیشہ ورانہ تربیت کے لیے وقف کرنے پر زور دیا۔