شمالی وزیرستان کے ایک گاؤں ،نورک ، میں جمعرات کو مشتبہ امریکی جاسوس طیارے سے کیے گئے ایک میزائل حملے میں کم از کم چار شدت پسند ہلاک ہوگئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق حملہ میر ان شاہ سے تقریباً 18 کلومیٹر دور مشرف گل نامی ایک قبائلی کے گھر پر کیا گیا جوطالبان عسکریت پسندوں کے زیر استعمال تھا ۔
ذرائع نے بتایا کہ طالبان نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کرلاشوں اور زخمیوں کو نامعلوم مقام کی طرف منتقل کرنے کا کام شروع کردیا تاہم فوری طور پر اس حملے کا نشانہ بننے والوں کی شناخت نہیں ہو سکی۔
شمالی وزیرستان میں تازہ ڈرون حملہ ایک ایسے وقت کیا گیا ہے جب ملحقہ جنوبی وزیرستان میں کالعدم تحریک طالبان کے خلاف پاکستانی فوج کا آپریشن جاری ہے جس میں حکام نے پچھلے دو ہفتوں کے دوران لگ بھگ 400 طالبان کو ہلاک کرنے کادعویٰ کیا ہے جب کہ لڑائی میں 37 فوجی بھی مارے گئے ہیں۔ 17اکتوبر کو شروع کیے گئے آپریشن ”راہ نجات“ میں فوج نے طالبان کے کئی اہم مراکز پر قبضہ کرنے کا کبھی دعویٰ کیا ہے ۔