Foreign students on US campusپچھلے سال امریکی تعلیمی اداروں میں غیر ملکی طلباء کی تعداد میں سات فیصد اضافہ ہواجس کے نتیجے میں غیر ملکی طلباء کی تعداد ساڑھے چھ لاکھ کے لگ بھگ ہوگئی ہے۔ انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ایجوکیشن کے مطابق غیرملکی طالب علم امریکی معیشت میں تقریباً 15 کھرب ڈالر کی شراکت کرتے ہیں۔ امریکی ویزہ کی شرائط میں سختی کے باوجود بڑی تعداد میں طلبا ہر سال ویزہ کے لیے درخواست دیتے ہیں۔
جارج میسن یونیورسٹی کی غیر ملکی طلباء کی ایڈوائزر ایمی موفٹ کا کہنا ہے کہ طلبا کا بڑا مسئلہ متعلقہ معلومات کا نہ ہونا ہے۔ طلبا کو اس کے طریقہ کار کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات حاصل کرنی چاہئیں۔ اور سٹوڈنٹ ویزہ کے حصول کے لیے طلباء کو سفارت خانے میں انٹرویو کے دوران ، انگریزی زبان میں ویزہ آفیسر کو قائل کرنا ہوتا ہے کہ وہ صرف پڑھنے کے لیے امریکہ جانا چاہتے ہیں اور ہمیشہ امریکہ میں نہیں رہیں گے۔
نئے آنے والے طلبا کے مطابق یونیورسٹی میں داخلے اور ویزے کے حصول میں یہ تعلق ہے کہ آپ کو سفارت خانے میں انٹرویو کے وقت یونیورسٹی میں داخلے کا ثبوت پیش کرنا ہوتا ہے۔ جتنی جلدی آپ داخلے کا پروسس مکمل کریں گے ، ویزہ کے حصول کے لیے آپ کو زیادہ وقت ملے گا۔ وقت اور پلاننگ اس پورے پروسس میں بہت اہمیت کے حامل ہیں۔
آپ نے دیکھا ہو گا کہ ہماری ویب سائٹ کا ڈیزائن بدل گیا ہے۔ ازراہِ کرم اس نئے ڈیزائن کے بارے میں ہمیں اپنی رائے، تجاویز اورمشوروں سے urdu@voanews.com پر آگاہ کریں۔