ہمارے بارے میں | ہم سے رابطہ کیجیے

وائس آف امریکہ

غیر جانب دار خبریں | دلچسپ معلومات

blank

  • منگل, 24 نومبر 2009
  • آج وی او اے پر

ایشیا RSS Feeds آر ایس ایس فیڈ

جنوبی کوریا اپنی سیکیورٹی میں اضافہ کرے: رابرٹ گیٹس

شیئر کیجیئے


امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے کہا ہے کہ شمالی کوریا جزیرہ نما کوریا اور دنیا کے لیے مستقل طور پر سیکیورٹی حقیقی خطرہ ہے۔

گیٹس جنوبی کوریا کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے سیؤل پر زور دیا ہے کہ وہ ایک ابھرتی ہوئی عالمی طاقت کی حیثیت کی عکاسی کرتے ہوئے اپنی فوجی قوت میں اضافہ کرے۔

امریکی وزیر دفاع نے بدھ کے روز جنوبی کوریا کی دفاعی اصلاحات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس کی فوج بین الاقوامی امن کی کوششوں اور سیکیورٹی کی کارروائیوں میں حصہ لینے کے لیے زیادہ متحرک اور زیادہ با صلاحیت ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کوریا کے سیاسی راہنماؤں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ عالمی سیکیورٹی میں کوریا کے ابھرتے ہوئے کردار کے لیے سرمایہ کاری کریں اور جزیرہ نما کو درپیش خطرے کا مناسب طورپر مقابلہ کریں۔

امریکہ نے شمالی کوریا کے 1950ء کے حملے کے اعادے کی کوشش کو روکنے میں مدد کے لیے جنوبی کوریا میں تقریباً 28 ہزار اپنے فوجی اہل کار تعینات کررکھے ہیں۔ توقع ہے کہ مسٹر گیٹس جنوبی کوریا کے اپنے ہم منصب کم تائی یونگ سے اتحاد پر اثرانداز ہونے والے مسائل اور افغانستان کے استحکام کے لیے جنوبی کوریا کے ممکنہ کردار پر گفتگو کے لیے جمعرات کے روز ملاقات کریں گے۔

بدھ کے روز امریکی اور جنوبی کوریا کے عہدے داروں سے ایک ملاقات میں امریکی وزیرِ دفاع نے کہا کہ شمالی کوریا فوجی خطرے کے طورپر کمزور بھی ہوا ہے اور طاقت ور بھی۔

انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کی بّری فوج کی اہلیت دوسروں کے لیے خطرے کے اعتبار سے کم ہوئی ہے جب کہ ان کے میزائل اور جوہری پروگرام روز بہ روز خطرناک بنتے جارہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ شمالی کوریا جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کے لیے مسلسل سنگین خطرہ ہے۔ وہ جو چیز بھی بناتے ہیں، ایسا لگتا ہے کہ وہ اسے بیچنا چاہتے ہیں۔

مسٹر گیٹس نے کہا کہ امریکہ شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کے پروگرام کے مکمل اور قابلِ تصدیق خاتمے کی کوشش سے وابستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بارے میں کوئی غلط فہمی نہیں رہنی چاہیئے کہ نہ تو ہم آج جوہری ہتھیاروں کے حامل کسی شمالی کوریا کو قبول کرتے ہیں اور نہ ہی مستقبل میں کبھی ایسا کریں گے۔

صدر براک اوباما اگلے ماہ سیؤل کا دورہ کریں گے۔